Ikhlas or Taqwa hasil krny k treeqy
Peace Center Peace Center
recent

ہیڈ لائنز

recent
random
جاري التحميل ...

Ikhlas or Taqwa hasil krny k treeqy

 

 

 اخلاص و تقوی ہی مطلوب زندگی

درس بعد نماز فجر 29 مئی 202

معلم و مربی 

فضیلة الشیخ حافظ شفیق الرحمن زاہد صاحب حفظه الله تعالی

{اصلاحِ قلب سیریز }

Ikhlas or Taqwa hasil krny k treeqy

 قال ﷲ تعالیٰ :

فَاعۡبُدِ اللّٰہَ مُخۡلِصًا لَّہُ الدِّیۡنَ,  [1]

اَلَا لِلّٰہِ الدِّیۡنُ الۡخَالِصُ  [2]

 عابد اور مخلص

        عبادت کا ہونا اور عبادت کا صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہونا اور انسان کا اس میں مخلص بن جانا یہ انسان کے لیے بہت بڑی نعمت ہے کہ بندہ عابد  ہو اور عابد بھی مخلص ہو. بہت کم لوگ عابد ہیں اور ان میں بھی بہت کم لوگ عابد ہونے کے ساتھ مخلص ہیں. کسی کو عبادت کی توفیق نہیں ملتی اور کسی کو اخلاص کی توفیق نہیں ملتی - اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی ہوتی ہے ان لوگوں پر جو اپنے آپ کو عابد، عبادت گزار بھی بناتے ہیں اور اپنے آپ کو اخلاص کی چکی سے بھی نکالتے ہیں اور اپنے آپ کو مخلص بنانے کی کوشش کرتے ہیں -

مطمئن زندگی کا راز  

مخلص آدمی بہت مطمئن زندگی بسر کرتا ہے اور جس کے اندر اخلاص نہیں ہوتا، اخلاص نہ ہونے کی وجہ سے اس کی زندگی شکوے اور شکایات سے بھر جاتی ہے -

رضائے الہی کا حصول

        ایسے لوگ شکوے شکایات میں رہتے ہیں کسی کا کام کریں تو کہتے ہیں کہ اس کا کام بہت کر کے دیکھ لیا یہ کچھ صلہ نہیں دیتا... بھئی آپ لوگوں کے لیے کرتے ہی کیوں ہو؟ آپ اپنے آپ کو تیار کرتے ہیں کیوں ہیں؟ کہ آپ کو بندے ایپریشی ایٹ کریں تو آپ کا دل بڑا ہو اور آپ کو بندے ایپریشی ایٹ کریں تو آپ کا دل چھوٹا ہو -(معاذ اللہ)

 دلوں کے ٹوٹنے کی وجہ

 بندوں کے دل ٹوٹتے ہیں اس وجہ سے کہ جب بندے بندوں کے لیے کام کرتے ہیں جب بندے اللہ کے لیے کام کرتے ہیں تو پھر دل نہیں ٹوٹتے 💯- پھر یہ نہیں ہوتا کہ میں نے اتنے سال تیرے لیے کام کیا اور مجھے صلہ کیا ملا، صلہ اس بندے سے کیا لینا ہے اللہ سے لو اللہ تیرے ساتھ ہر وقت ہے - بسا اوقات بندہ بندوں سے بھی مخلص نہیں ہوتا بسا اوقات بندہ اپنے کاموں سے مخلص نہیں ہوتا، اپنے دوست احباب سے مخلص نہیں ہوتا، اپنے خاندان سے مخلص نہیں ہوتا، اپنے محلے کے لوگوں سے، نمازیوں سے مخلص نہیں ہوتا تو  ہر جگہ پر وہ مسائل کا شکار ہو جاتا ہے ۔

 اخلاص نہ سیکھنے کا نقصان

اخلاص نہ سیکھا ہو تو پھر بندہ مفاد میں چلا جاتا ہے اور مفاد بھی اتنے چھوٹے میں چلا جاتا ہے کہ اس کی حد نہیں ہے۔

  اللہ تعالی نےفرمایا : اَلَا لِلّٰهِ الدِّیْنُ الْخَالِصُ} [3]

خبردار! خالی دین مطلوب نہیں ہے دین خالص چاہیے اور خالص دین خالص دل میں آتا ہے  اور دل خالص نہ ہو تو دین جتنا بھی خالص ہو اس طرح فائدہ نہیں دیتا ۔

خالص دین نہ ملنے کی وجہ

        بعض لوگ یہاں بھی مسائل کا شکار ہوتے ہیں کہ ہمیں دین خالص نہیں ملتا... یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہےکہ خالص دین تو ان کو ملنے والا ہوتا ہے لیکن ان کے پاس خالص دل نہیں ہوتا جب دل کا برتن خالص اور صاف ستھرا ہو تو اللہ تعالیٰ رحمت فرما دیتا ہے - جیسے خالص دودھ ہو اپنے گھر کے جانور کا ہو، اپنے ہاتھوں سے دھویا ہوا ہو اور اس کا چارہ بھی خالص ہو  جس  برتن میں ڈالنا ہے  اس میں دہی کا چھوٹا سا قطرہ ہو تو وہ دودھ کی پھٹیاں بنا دیتا ہے دودھ نہیں رہنے دیتا اس کی شکل بدل دیتا ہے ۔

 خراب دل کی مثال

جس دل کے برتن میں دین کو ڈالنا  ہےاس  دل کو صاف ستھرا رکھو ایک قطرہ بھی ایسا نہ ہو جس سے دین خراب ہو جائے یاد رکھیں! ایک ایک جملے سے پورے پورے دین کی عمارت گر جاتی ہے ایک ایک جملے اور ایک ایک خیال سے پوری زندگی کی کمائی کنویں میں چلی جاتی ہے -

امام سفیان ثوری رحمہ اللہ

        بیت اللہ میں موجود تھے کسی نے ان سے پوچھا حضرت آپ کو یہ مقام و مرتبہ کیسے ملا ہے کیا کام کرتے ہو فرمایا میں ایک ہی کام کرتا ہوں... وہ حضرت فرمانے لگے عجیب بات ہے کہ صرف ایک کام کرنے سے اللہ نے اتنا مقام و مرتبہ دے دیا وہ کام کیا ہے - آپ نے کہا :

" میں ہر کام کرنے سے پہلے اپنے آپ کو خالص کرنے کی کوشش کرتا ہوں"  مخلص بنانے کی کوشش کرتا ہوں، اخلاص سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں -

اخلاص کا مطلب

ہم لوگ خالص، مخلص لفظ استعمال تو بہت کرتے ہیں لیکن کبھی اس لفظ کو کسی مخلص بندے کے پاس بیٹھ کر سیکھیں تو سہی آپ کو زندگیاں لگ جائیں گی یہ سیکھتے سمجھتے ہوئے کہ اخلاص ہوتا کیا ہے ۔ اخلاص اتنا باریک عمل ہے سیکھنے کے باوجود نہیں آتا چہ جائے کہ سیکھیں ہی نہ اور کہیں کہ میں مخلص ہوں ۔💔 اس کے اوپر لوگوں کی زندگیاں لگ گئیں  ہیں۔

امام سفیان ثوری رحمہ اللہ

 ان سے ہی کسی نے پوچھا کہ حضرت آپ کو کتنے سال لگے ہیں فرمانے لگے مجھے ستر سال لگے ہیں اخلاص سمجھتے سمجھتے، ایک اور حضرت وہاں بیٹھے تھے پوچھا کیا ستر سال میں سمجھ آگیا فرمایا نہیں ستر سال کے بعد بھی ابھی سمجھ نہیں آیا [ اللہ اکبر... ]

تلبیس ابلیس

بسا اوقات تلبیس ابلیس اس قدر سخت ہوتی ہے کہ اخلاص بیان کرتے ہوئے بھی شیطان انسان کو اخلاص سے نکال دیتا ہے، لکھتے لکھتے بندہ اخلاص سے نکل جاتا ہے ۔ بندوں سے ایپریشی ایٹ لینا، بندوں سے داد لینا، بندوں کے کچھ جملے سننے کی خواہش رکھنا یہ سب بندے کو اخلاص سے نکال دیتا ہے ۔

نماز اور اخلاص

{ قُل إِنَّ صَلَاتِی وَنُسُکِی وَمَحیَایَ وَمَمَاتِی لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ } [4]

 دیکھیں کہ کیا آپ نے پوری نماز کا ایک جملہ بھی اس  محبت  سے پڑھا ہے کہ مجھ سے میرا رب اس جملے سے خوش ہو جائے ۔چہ جائے کہ"سبحناک اللھم وبحمدک"  سے لے کر سلام تک ہر جملہ ہی اللہ کو راضی کرنے  والا ہو ۔ نماز میں ہر جملے میں یہ بھی چیک کرنا کہ :

﴿... کتنے معیار میں گیا ہے

﴿... کتنی بلندی پر گیا ہے

﴿... کتنی گہرائی سے گیا ہے

﴿... کتنی خوشی سے نکلا ہے

ہر ہر جملے کو چیک کرنا ہے ۔

رب کا معیار

میں اور آپ یقین کریں ابھی تک اپنے آپ سے مخلص نہیں ہیں. میں اور آپ ابھی اپنے کاموں سے مخلص نہیں ہیں۔بندہ بندوں کے معیار پر پورا نہیں اترتا  چہ جائے کہ رب کے معیار پر پورا اترے رب کا معیار بہت بڑا ہے  بندوں کے اداروں میں بیٹھ کر جو کچھ ہم بول رہے ہوتے ہیں میرے اور آپ کے سامنے ہے. مجھے اور آپ دونوں کو سیکھنا ہے جب ایک بندہ مخلص اور دین دار ہو تو پورے پورے علاقے کے لیے ایک بندہ کافی ہوتا ہے ۔

اخلاص کے نتائج

 ساری زندگی محنت کر کے بھی بندہ اپنے رب کو  کہتا ہے

 { رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا  إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ  الْعَلِيمُ }[5]

 اے میرے رب تو نے یہ قبول کرنا ہے  تو قبول کر لے۔ 

اخلاص کی پریکٹس

اخلاص لفظوں کا نام نہیں ہے اخلاص کیفیات کا، جذبات و احساسات کا نام ہے - احساسات و جذبات کو ادھر ادھر کی چیزوں سے بچا کر رکھنا ہے - خیالات کو چیک کرنا ہے کہ اس جذبے، اس احساس، اس خیال میں غیر اللہ کی خواہش تو نہیں چھپی ہوئی؟؟؟ بندے کو سمجھ آجائے کہ یہ بندے کتنے چھوٹے ہیں اور رب کتنا بڑا ہے تو اکبر کے مقابلے میں اصغر سے جملہ سننا بندہ ویسے ہی پسند نہیں کرتا کہ تو جتنا بھی جملہ بڑا جملہ بول دے میرے سامنے اس کی حیثیت ہی کوئی نہیں ہے- تجھے چھوڑ کر جس سے جڑ رہا ہوں وہ رب بہت بڑا ہے💯 

قیمتی بات

 اے کاش! کہ وہ سن لے جسے سنانا چاہ رہا ہوں، اے کاش کہ وہ دیکھ لے جسے میں دکھانا چاہ رہا ہوں.... کوئی دیکھے یا نہ دیکھے وہ دیکھ لے بہت بڑی بات ہے.... کوئی سنے یا نہ سنےوہ سن لے بہت بڑی بات ہے.... اس کے سننے سے میں سمجھتا ہوں میرا کام پورا ہو گیا ہے اس کے سننے سے میں سمجھتا ہوں میرا کام سنا گیا ہے کوئی دیکھے نہ یا دیکھے عرش والے کو دکھانے کے لیے ہر کام کرو، ہر کام عرش والےکو جیتنے کے لیے کیا کرو - عرش نہیں جیتو گے تو سارا فرش جیت کے بھی کچھ نہیں جیتا - عرش نہیں جیتو گے تو مسجدیں کیا بیت اللہ بھی تعمیر کر لو، بیت اللہ کے اندر لوگوں کو کھانے کھلاؤ، پانی پلاؤ مخلص نہیں تو کوئی فائدہ نہیں-

جہنم کا ایندھن

آپ اندازہ کریں جہنم میں سب سے پہلے کافر یا مشرک کو نہیں ڈالا جائے گا سب سے پہلے  علماء کے جسموں کو جہنم میں ڈال کر جہنم کو بھڑکایا جانا ہے. تین بڑے بڑے کردار رکھنے والے ان کے جسم کے لوتھڑوں سے جہنم کو بھڑکایا جائے گا :

1)... بے عمل علماء

2)... ریاکار مجاہد

3)... ریاکار سخاوت کرنے والا

اللہ تعالیٰ سب سے پہلے ان کو جہنم میں ڈالنے کا حکم دے گا کہ یہ لوگ پوری زندگی میرے نام سے عزت لیتے رہے، پوری زندگی میرے نام سے کھاتے پیتے رہے، پوری  زندگی میرے گھروں میں رہے، میری وجہ سے انہوں نے پروٹوکول لیا لیکن اندر سے مخلص نہیں تھے ان کو جہنم کا ایندھن بناؤ... جیسے ہوتا ہے پیٹرول ڈالنا، تیل ڈالنا آگ کو بھڑکانا اس طریقے سے ان کے جسموں کو ایندھن بنایا جائے گا.

[ 📌 اللہ سے معافی مانگا کرو اللہ سے اخلاص کی دعائیں مانگا کرو اور اپنے کردار کو چیک کیا کرو، یا اللہ تیرا بندہ کچھ نہیں ہے تو رحم فرما دنیائے کائنات کا سب سے چھوٹا بندہ سب سے بڑے غنی سے سوال کر رہا ہے تو رحمت فرما اور مجھے قبولیت عامہ عطا فرما ]

اللہ سے دعاہے اللہ مجھے اور آپ سب کو اپنے ہی در گھر کا فقیر بنائے اور مخلص بنادے  آمین ثم آمین

 

||| وما توفیقی الا باللہ |||

[ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ]

آمین



[1]                  سورۃ الزمر: 3

[2]           سورۃ الزمر: 6

[3]                 سورۃ الزمر:3

[4]              سورۃ الانعام : 162

[5]                سورۃ البقرۃ : 127

 

عن الكاتب

Peace Center

التعليقات


call us

اگر آپ کو ہمارے بلاگ کا مواد پسند ہے تو ہم رابطے میں رہنے کی امید کرتے ہیں، بلاگ کے ایکسپریس میل کو سبسکرائب کرنے کے لیے اپنی ای میل درج کریں تاکہ پہلے بلاگ کی نئی پوسٹس موصول ہو سکیں، اور آپ اگلے بٹن پر کلک کر کے پیغام بھیج سکتے ہیں...

تمام حقوق محفوظ ہیں۔

Peace Center